بدھ 11 فروری 2026 - 16:23
انقلابِ اسلامی ایران؛ سامراج کے مقابل استقامت و بیداری کی علامت

حوزہ/انقلابِ اسلامی ایران انسانی تاریخ کا وہ نایاب واقعہ ہے جس نے دنیا کی سیاسی، فکری اور تہذیبی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ امام خمینیؒ کی روحانی قیادت اور ایرانی عوام کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں برپا ہونے والا یہ انقلاب صرف اقتدار کی تبدیلی نہیں، بلکہ انسانیت کو غلامی، استحصال اور سامراجی نظام سے نجات کا پیغام ہے۔ ’’نہ شرقی، نہ غربی _ اسلامی جمہوریہ‘‘ کا نعرہ دراصل اسی آزادی و خودمختاری کے فلسفے کی تعبیر ہے جس نے ایران کو عالمی طاقتوں کے سامنے ایک زندہ اور خوددار ملت کے طور پر منوایا۔

تحریر: سید شجاعت علی

حوزہ نیوز ایجنسی| انقلابِ اسلامی ایران انسانی تاریخ کا وہ نایاب واقعہ ہے جس نے دنیا کی سیاسی، فکری اور تہذیبی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ امام خمینیؒ کی روحانی قیادت اور ایرانی عوام کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں برپا ہونے والا یہ انقلاب صرف اقتدار کی تبدیلی نہیں، بلکہ انسانیت کو غلامی، استحصال اور سامراجی نظام سے نجات کا پیغام ہے۔ ’’نہ شرقی، نہ غربی _ اسلامی جمہوریہ‘‘ کا نعرہ دراصل اسی آزادی و خودمختاری کے فلسفے کی تعبیر ہے جس نے ایران کو عالمی طاقتوں کے سامنے ایک زندہ اور خوددار ملت کے طور پر منوایا۔

انقلاب کے آغاز ہی سے ایران پر معاشی، سیاسی اور عسکری دباؤ کے پہاڑ توڑ دیے گئے۔ آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ، عالمی پابندیاں، سفارتی محاصرے اور سائنسی اداروں پر حملے، یہ سب اقدامات انقلاب کو کمزور کرنے کے لیے کیے گئے، مگر ایرانی قوم نے ایمان، استقامت اور خود انحصاری کے ہتھیار سے ان تمام سازشوں کو شکست دی۔ پابندیوں کے باوجود ایران نے سائنس و ٹیکنالوجی، ایٹمی توانائی، دفاع، طب اور تعلیم کے شعبوں میں حیرت انگیز ترقی کی، یہاں تک کہ آج وہ خطے کی ایک علمی و عسکری طاقت کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

بانی انقلاب اسلامی امام خمینی کی وفات کے بعد آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی بصیرت افروز قیادت میں ایران نے نہ صرف اپنی آزادی کا دفاع کیا، بلکہ امت مسلمہ کے ضمیر کو مزید بیدار کیا۔ ایران نے فلسطین، لبنان، یمن اور خصوصاً غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت کر کے دنیا کو یہ باور کرایا کہ استقامت صرف لفظ نہیں، ایک نظریہ ہے جس کی بنیاد ایمان اور عمل پر ہے۔ ایران نے ہر اس موقع پر سامراجی قوتوں کو للکارا جہاں باقی دنیا نے خاموشی اختیار کی۔

آج بھی ایران امریکہ، اسرائیل اور یورپی طاقتوں کی کھلی مخالفت، براہ راست فضائی حملوں کے باوجود علمی، عسکری، سیاسی اور فکری میدانوں میں کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ سامراجی طاقتوں کے تمام محاصروں، پروپیگنڈا جنگ اور پابندیوں کے باوجود انقلابِ اسلامی ایران ایک زندہ، متحرک اور مؤثر حقیقت ہے۔ سینتالیس برس گزرنے کے باوجود یہ انقلاب نہ صرف ایران بلکہ پوری انسانیت کے لیے امید، بیداری اور آزادی کی علامت ہے۔ یہ وہ انقلاب ہے جس نے وقت کو شکست دی اور یہ ثابت کیا کہ جب ایمان صالح اور شجاع قیادت سے جڑ جائے تو دنیا کی کوئی طاقت سچائی کے قافلے کو روک نہیں سکتی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha